چودہ اگست کا پیغام
14 اگست 1947ء کو ہمارا پیارا وطن پاکستان معرض ِ وجود میں آیا۔ یہ
وہ عظیم دن ہے ، جس دن مسلمانان ِ ہند کو آزادی ملی ۔ آزادی کی اس تحریک میں
بابائے قوم قائد ِ اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ ، شاعر ِ مشرق علامہ اقبال
رحمۃ اللہ علیہ ، سرسید احمد خان ، نواب محسن الملک ، نواب وقارالملک ، مولانا
محمد علی جوہر ، مولانا شوکت علی جوہر ، اے کے فضل الحق ، چوہدری رحمت علی اور ان
کے علاوہ دیگر بہت سے قائدین کی انتہائی اہم خدمات ہیں ۔ جو خواب حکیم الامت ،
شاعر ِ مشرق علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے دیکھا تھا ، بابائے قوم قائد ِ
اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے اس خواب کو شرمندہ ِ تعبیر کیا ۔ پاکستان کی
بنیاد "دو قومی نظریہ" پر رکھی گئی تھی ۔ اس نظریے کے بانی سر سید احمد
خان تھے ۔ سر سید احمد خان کے قائم کردہ علی گڑھ کالج کے طالب علموں نے تحریک
ِپاکستان میں انتہائی اہم خدمات سر انجام دیں ۔ اس طرح مسلمانان ِ ہند کی آزادی
میں سر سید احمد خان نے اہم کردار ادا کیا تھا ۔
پاکستان 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر
ابھرا ۔ لیکن بد قسمتی سے محض 24 سال بعد پاکستان دو لخت ہوگیا ۔ یعنی یہ دو ٹکڑوں
میں بٹ گیا ۔ اس خطہ ِ پاک کو دو لخت کرنے میں اپنوں کی غفلتیں اور غیروں کی
سازشیں کار فرما تھیں ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان کی تحریک میں بنگلہ دیش کے
لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا ۔ 23 مارچ 1940ء کو قرارداد ِ پاکستان مولوی اے
۔کے فضل الحق نے پیش کی تھی ۔ ان کا پورا نام ابو القاسم فضل الحق تھا ۔ وہ بنگلہ
دیش سے تعلق رکھتے تھے ۔ بنگالی لہجے میں ان کا نام "ابو الکاشم فضل
الحق" تھا ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے نام میں" اے ۔ کیو" کی جگہ
"اے ۔کے" استعمال ہوتا ہے ۔
14 اگست کا پیغام کیا ہے ؟ اس عظیم دن کا
پیغام یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ۔ انتشار سے بچیں ۔ ہر قسم کے
تعصبات کو بھول جائیں ۔ دشمن ہمارے درمیان قومیت ، صوبائیت ، فرقہ واریت کی
بنیاد پر انتشار اور نا اتفاقی پیدا کرنا چاہتا ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ دشمن کی یہ چال
سمجھتے ہوئے اپنے آپ کو متحد کر لیں ۔ ہمارے درمیان اسلام کا رشتہ ہے ۔ اسلام
اتحاد کا درس دیتا ہے ۔ اگر ہم حقیقی اسلام پر عمل پیرا ہو جائیں تو خود بہ خود
ہماری صفوں میں اتحاد پیدا ہوجائے گا ۔
14 اگست ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہمارے
بزرگوں نے بڑی محنت اور جد جہد سے پاکستان حاصل کیا ۔ اب ہمارے وہ بزرگ دنیا میں
نہیں رہے ۔ یعنی اب ہمیں ہی اس ملک کو سنبھالنا ہے ۔ اس ملک کی ترقی میں ہمیں اہم
کردار ادا کرنا ہے ۔ اس خطہ ِ ارضی کو جنت بنانا ہے ۔ یہ کس طرح ہو سکتا ہے ؟ آسان
طریقہ یہ ہے کہ ہم ہر قسم کی 'دو نمبری' سے بچیں ۔ جب پوری قوم 'امانت دار' بن
جائے گی تو یہ پاک خطہ خود بہ خود جنت بن جائے گا ۔ ہمیں اپنا احتساب کرنا چاہیے
کہ ہم کس حد تک اپنے پیارے وطن سے مخلص ہیں ۔ دو کان دار سے لے کر سیاست دان
تک ۔۔ کتنے لوگ ہیں ، جو 'دو نمبری' نہیں کرتے ۔ بے شک ایسے لوگ بہت کم ہیں ۔ جب
ایسے لوگ آٹے میں نمک کے برابر ہیں تو ہمار پیارا ملک کیوں کر ترقی کرسکتا
ہے ؟
14 اگست ہمیں پیغام دیتا ہے کہ پاکستان ایک
نظریاتی ریاست ہے ۔وہ نظریہ کیا ہے ؟ بے شک وہ نظریہ اسلام ہے ۔ بانی ِ پاکستان نے
فرمایا تھا کہ ہم پاکستان کو ایک 'اسلامی تجربہ گاہ ' بنانا چاہتے ہیں ۔ لیکن کیا
ہم اس اسلامی ریاست میں رہتے ہوئے اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں ؟ بے شک
ہم میں سے بہت کم لوگ ایسے ہیں ، جو اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں ۔ اسلام کی
حقیقی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہمیں دنیا و آخرت ، دونوں میں کام یابی حاصل ہوگی ۔
جو لوگ دین اور سیاست ، دونوں کو الگ الگ چیزیں سمجھتے ہیں ، انھیں حکیم الامت
علامہ محمد اقبال رحمۃاللہ علیہ کے درج ذیل شعر میں پنہاں نکتے پر غور کرنا چاہیے
:
جلال ِ پادشاہی ہو کہ جمہوری تماشا ہو
جدا ہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی
جو لوگ اسلام سے خائف ہیں ، انھیں دین ِ
اسلام کے بنیادی ذرائع یعنی اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے
ارشادات کا عمیق مطالعہ کرنا چاہیے ۔ بے شک اس طرح وہ دین ِ اسلام کے گرویدہ
ہوجائیں گے ۔
میں نے درج بالا تین اقتباسات میں اپنی
دانست کے مطابق 14 اگست کے تین پیغامات اور تقاضے تحریر کیے ہیں ۔ ان میں سے پہلا
یہ ہے کہ ہم انتشار سے بچتے ہوئے متحدہو جائیں ۔ دوسرا یہ ہے کہ ہم ہر قسم کی 'دو
نمبری' کو چھوڑ کر اپنے ملک کے لیے مخلص اور اپنے ملک کے لوگوں کے لیے امانت دار
بن جائیں ۔ تیسرا پیغام یہ ہے کہ ہم اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں
۔ اگر ہم اس 14 اگست پر اپنے اندر یہ مثبت تبدیلیاں لانے میں کام یاب ہوگئے تو بے
شک ہم بہت آگے نکل جائیں گے ۔ اور بہت جلد ترقی یافتہ قوموں میں ہمارا شمار ہوگا ۔
تحریر: نعیم الرحمان شائق
تبصرے