ہمارے ہیڈ سر
تحریر: نعیم الرّحمان شائق قسط نمبر 3 پسندیدہ اخبارات اور لکھاری شروع شروع میں ہیڈ سر کے آفس میں روزانہ”ایکسپریس“ اخبار آتا تھا۔ ان دنوں سوشل میڈیا اتنا مشہور نہیں ہوا تھا۔ لوگوں کے گھروں میں باقاعدگی سے ان کا پسندیدہ اخبار آتا تھا ۔ اس کا یہ فائدہ ہوتا تھا کہ والدین کے ساتھ ساتھ بچّے بھی اخبار پڑھ لیا کرتےتھے۔ اتوارکے روز اکثر بڑے اخبار میں کوئی میگزین بھی ہوتا تھا۔ اس میگزین کی وجہ سے بہن بھائیوں میں خوب لڑائی ہوتی تھی۔ بڑا اچھا دور تھا۔ گھروں میں کتابیں بھی ہوتی تھیں۔ بچّے اخبارات ، میگزین اور کتابیں پڑھتے تھے۔ ان سے ان کی اردو اچھی ہوجاتی تھی۔ اب تو سب کچھ بدل گیا ہے۔ سوشل میڈیا نے ہم سے اور ہمارے بچّوں سے اخبارات اور کتابیں پڑھنے کی عادت چھین لی ہے۔ بات کہاں سے کہاں پہنچ گئی۔ ہیڈ سر شروع میں صرف ”ایکسپریس“ کا مطالعہ کرتے تھے۔بعد میں اخبارات میں ان کا شغف مزید بڑھ گیا۔ پھر وہ ”ایکسپریس“ کے ساتھ ساتھ ”امت “ کا بھی مطالعہ کرنے لگے۔ اس کے علاوہ ”القلم“ کا بھی مطالعہ کرتے تھے۔ ”القلم “ ہفتے می...