قرآنی نصیحتیں

 

تحریر و ترتیب: نعیم الرّحمان شائق

قسط نمبر 4

("قرآنی نصیحتیں " کی پہلی قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں " کی دوسری قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں" کی تیسری قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں)


161.                    اے ایمان والو! اللہ تعالیٰ کے شعائر کا احترام کرو۔]اے لوگو، جو ایمان لائے ہو، خدا پرستی کی نشانیوں کو بے حرمت نہ کرو۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[(المائدہ، آیت  2)

162.                     جن لوگوں نے تمھیں  مسجد ِ حرام سے روکا تھا ان کی دشمنی تمھیں اس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم حد سے گزر جاؤ۔(المائدہ، آیت  2)

163.                    نیکی اور پرہیز گاری میں ایک دوسرے کی امداد کرتے رہو۔(المائدہ، آیت  2)

164.                     گناہ اور ظلم و زیادتی میں مدد نہ کرو۔(المائدہ، آیت  2)

165.                    آج میں نے تمھارے لیے دین کو کامل کر دیااور تم پر اپنا انعام بھر پور کر دیااور تمھارے لیے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا۔(المائدہ، آیت 3)

166.                    اے ایمان والو! تم اللہ کی خاطر حق پر قائم ہو جاؤ۔(المائدہ، آیت  8)

167.                    راستی اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بن جاؤ۔(المائدہ، آیت  8)



168.                    کسی قوم کی عداوت تمھیں خلاف ِ عدل پر آمادہ نہ کرے۔(المائدہ، آیت  8)

169.                    عدل کیا کرو جو پرہیز گاری کے زیادہ قریب ہے۔(المائدہ، آیت  8)

170.                     مومنوں کو اللہ تعالیٰ ہی پر بھروسا کرنا چاہیے۔(المائدہ، آیت  11)

171.                    زمین و آسمان اور ان کے درمیان کی ہر چیز اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے اور اسی کی طرف لوٹنا ہے۔(المائدہ، آیت 18)

172.                     اللہ تعالیٰ تقویٰ والوں کا ہی عمل قبول کرتا ہے۔(المائدہ، آیت27)

173.                    جو شخص کسی کو بغیر اس کے کہ وہ کسی کا قاتل ہو یا زمین میں فساد مچانے والا ہو، قتل کر ڈالےتو گویا اس نے تمام لوگوں کو قتل کر دیا ۔(المائدہ، آیت32)

174.                     جو شخص کسی ایک کی جان بچا لے، اس  نے گویا تما م لوگوں کو زندہ کر دیا۔(المائدہ، آیت 32)

175.                    مسلمانو ! اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو اور اس کا قرب تلاش کرو۔(المائدہ، آیت35)

176.                    جو شخص اپنے گناہ کے بعد توبہ کر لے اور اصلاح کر لے تو اللہ تعالیٰ رحمت کے ساتھ اس کی طرف لوٹتا ہے۔(المائدہ، آیت39)

177.                    جو لوگ اللہ کی اتاری ہوئی وحی کے ساتھ فیصلہ نہ کریں وہ (پورے اور پختہ) کافر ہیں۔(المائدہ، آیت44)

178.                    جو لوگ اللہ کے نازل کیے ہوئے کے مطابق حکم نہ کریں، وہی لوگ ظالم ہیں۔(المائدہ، آیت 45)

179.                    (مسلمانو!) تمھارا دوست خود اللہ ہے اور اس کا رسول ہے اور ایمان والے ہیں جو نماز کی پابندی کرتے ہیں اور زکوٰۃ ادا کرتے ہیں اور وہ رکوع(خشوع و خضوع) کرنے والے ہیں۔(المائدہ، آیت55)

180.                     مسلمانو! ان لوگوں کو دوست نہ بناؤ جو تمھارے دین کو ہنسی کھیل بنائے ہوئے ہیں۔(المائدہ، آیت57)

181.                    اللہ تعالیٰ فسادیوں سے محبت نہیں کرتا ۔(المائدہ، آیت64)

182.                     یہ لوگ کیوں اللہ تعالیٰ کی طرف نہیں جھکتے اور کیوں استغفار نہیں کرتے؟ اللہ تعالیٰ تو بہت بخشنے والا اور بڑا مہربان ہے۔(المائدہ، آیت 74)

183.                    حد سے آگے مت نکلو، بے شک اللہ تعالیٰ حد سے نکلنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(المائدہ، آیت 87)

184.                     شیطان تو یوں چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے ذریعے سے تمھارے آپس میں بغض اور عداوت واقع کرادے اور اللہ تعالیٰ کی یاد سے اور نماز سے تم کو باز رکھے۔ سو اب بھی باز آجاؤ۔(المائدہ، آیت 91)

185.                    آپ فرمادیجیے کہ ناپاک اور پاک برابر نہیں گو آپ کو ناپاک کی کثرت بھلی لگتی ہو۔(المائدہ، آیت100)

186.                    اے ایمان والو! ایسی باتیں مت پوچھو کہ اگر تم پر ظاہر کر دی جائیں تو تمھیں نا گوار ہوں۔(المائدہ، آیت101)

187.                    اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو احکام نازل فرمائے ہیں ان کی طرف اور رسول کی طرف رجوع کرو تو کہتے ہیں کہ ہم کو وہی کافی ہے جس پر ہم نے اپنے بڑوں کو پایا۔(المائدہ، آیت 104)

188.                    تمام تعریفیں اللہ ہی کے لائق ہیں جس نے آسمانوں کو اور زمین کو پیدا کیا اور تاریکیوں اور نور کو بنایا ۔(الانعام ، آیت 1)

189.                    اور  وہی ہے معبود برحق آسمانوں میں بھی اور زمین میں بھی، وہ تمھارے  پوشیدہ احوال کو بھی اور تمھارے ظاہر احوال کو بھی جانتا ہےاور تم جو کچھ عمل کرتے ہو اس کو بھی جانتا ہے۔(الانعام، آیت 3)

190.                     آپ فرمادیجیے کہ ذرا زمین میں چلو پھرو پھر دیکھ لوکہ تکذیب کرنے والوں ]جھٹلانے والوں[ کا کیا انجام ہوا۔(الانعام، آیت 11)

191.                    اللہ نے مہربانی فرمانا اپنے اوپر لازم فرما لیا ہے۔(الانعام، آیت12)

192.                     اگر تجھ کو اللہ تعالیٰ کوئی تکلیف پہنچائے تو اس کا دور کرنے والاسوا ئےاللہ تعالیٰ کے اور کوئی نہیں۔(الانعام، آیت17)

193.                    اگر تجھ کو اللہ تعالیٰ کوئی نفع پہنچائے تو وہ ہرچیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔(الانعام، آیت17)

194.                     دنیا وی زندگانی تو کچھ بھی نہیں بجز لہو و لعب کے۔]دنیا کی زندگی تو ایک کھیل اور ایک تماشا ہے۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[(الانعام، آیت32)

195.                    آپ کہہ دیجیے کہ نہ تو میں تم سے یہ کہتا ہوں کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں اور نہ میں غیب جانتا ہوں اور نہ میں تم سے یہ کہتا ہوں کہ میں فرشتہ ہوں۔(الانعام، آیت 50)

196.                    اللہ تعالیٰ ہی کے پاس ہیں غیب کی کنجیاں، (خزانے) ان کو کوئی نہیں جانتا بجز اللہ کے ۔(الانعام، آیت59)

197.                    خوب سن لو فیصلہ اللہ ہی کا ہوگا اور وہ بہت جلد حساب لے گا۔(الانعام، آیت62)

198.                    جب آپ ان لوگوں کو دیکھیں جو ہماری آیات میں عیب جوئی کر رہے ہیں تو ان لوگوں سے کنارہ کش ہو جائیں یہاں تک کہ وہ کسی اور بات میں لگ جائیں اور اگر آپ کو شیطان بھلا دے تو یاد آنے کے بعد پھر ایسے ظالم لوگوں کے ساتھ مت بیٹھیں۔(الانعام، آیت 68)

199.                    نماز کی پابندی کر و اور اس سے ڈرو اور وہی ہے جس کے پاس تم سب جمع کیے جاؤ گے۔(الانعام، آیت 72)

200.                      ]حضرت ابراہیم علیہ السلام نے فرمایا:[ میں اپنا رخ اس کی طرف کرتا ہوں جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا یک سو ہو کر، اور میں شرک کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ (الانعام، آیت 79)

201.                     ہم نیک کام کرنے والوں کو جزا دیا کرتے ہیں۔(الانعام، آیت 84)

202.                      تم ہمارے پاس تنہا تنہا آگئے جس طرح ہم نے اول بار تم کو پیدا کیا تھا اور جو کچھ ہم نے تم کو دیا تھااس کو اپنے پیچھے ہی چھوڑ آئے اور ہم تو تمھارے ہم راہ ان شفاعت کرنے والوں کو نہیں دیکھتے جن کی نسبت تم دعویٰ رکھتے تھے کہ وہ تمھارے معاملے میں شریک ہیں۔(الانعام،آیت 94)

203.                     بے شک اللہ تعالیٰ دانے کو اور گٹھلیوں کاپھاڑنے والا ہے، وہ جان دار کو بے جان سے نکال لاتا ہے، اور وہ بے جان  کو جان دار سے نکالنے والا ہے ۔ اللہ تعالیٰ یہ ہے ، سو تم کہا ں الٹے چلے جار ہے ہو۔ (الانعام،آیت95)

204.                      وہ صبح کا نکالنے والا ہے اور اس نے رات کو راحت کی چیز بنایا ہے اور سورج اور چاند کو حساب سےرکھا ہے۔ (الانعام،آیت96)

205.                     گالی مت دو ان کو جن کی یہ لوگ اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر عبادت کرتے ہیں ، کیوں کہ پھر وہ براہ جہل حد سے گزر کر اللہ تعالیٰ کی شان میں گستاخی کریں گے۔ ]یہ لوگ اللہ کے سوا جن کو پکارتے ہیں اُنھیں گالیاں نہ دو، کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ شرک سے آگے بڑھ کر جہالت کی بنا پر اللہ کو گالیاں دینے لگیں۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[(الانعام،آیت108)

206.                     دنیا میں زیادہ لوگ ایسے ہیں کہ اگر آپ ان کا کہنا ماننے لگیں تو وہ آپ کو اللہ کی راہ سے بے راہ کردیں۔ (الانعام،آیت116)

207.                     تم ظاہری گناہ کو بھی چھوڑ دو اور باطنی گناہ کو بھی۔ (الانعام،آیت120)

208.                     شیطان کے قدم بقدم مت چلو، بلا شک وہ تمھارا صریح دشمن ہے۔(الانعام، آیت 142)

209.                     آپ کہیے کہ آؤ میں تم کو وہ چیزیں پڑھ کر سناؤں جن (یعنی جن کی مخالفت) کو تمھارے رب نے تم پر حرام فرما دیا ہے، وہ یہ کہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک مت ٹھہراؤ اور ماں باپ کے ساتھ احسان کرو اور اپنی اولاد کو افلاس کے سبب قتل مت کرو۔ ہم تم کو اور ان کو رزق دیتے ہیں اور بے حیائی کے جتنے طریقے ہیں ان کے پاس بھی مت جاؤخواہ وہ علانیہ ہوں خواہ پوشیدہ، اور جس کا خون کرنا اللہ تعالیٰ نے حرام کردیا ہے اس کو قتل مت کرو، ہاں مگر حق کے ساتھ۔(الانعام، آیت 151)

210.                     ناپ تول پوری پوری کرو، انصاف کے ساتھ۔(الانعام، آیت 152)

211.                     ہم کسی شخص کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتے۔(الانعام، آیت 152)

212.                     جب بات کرو تو انصا ف کرو، گو وہ شخص قرابت دار ہی ہو۔(الانعام، آیت 152)

213.                     بے شک جن لوگوں نے اپنے دین کو جدا جدا کر دیا اور گروہ گروہ بن گئے، آپ کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔(الانعام، آیت159)

214.                     جو شخص نیک کام کرے گا اس کو اس کے دس گنا ملیں گے اور جو شخص برا کام کرے اس کو اس کے برابر ہی سز ا ملے گی۔(الانعام، آیت 160)

215.                     آپ فرمادیجیے کہ بالیقین میری نماز اور میری ساری عبادت اور میرا جینا اور میرا مرنا یہ سب خالص اللہ ہی کا ہے جو سارے جہان کا مالک ہے۔(الانعام، آیت 162)

216.                     اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر من گھڑت سرپرستوں کی اتباع مت کرو تم لوگ بہت ہی کم نصیحت کرتے ہو۔(الاعراف، آیت3)

217.                     بے شک ہم نے تم کو زمین میں رہنے کی جگہ دی اور ہم نے تمھارے لیے اس میں سامان ِ رزق پیدا کیا ، تم لوگ بہت ہی کم شکر کرتے ہو۔(الاعراف،آیت10)

218.                     اے اولاد ِ آدم! تم مسجد کی ہر حاضری کے وقت اپنا لباس پہن لیا کرو۔]اے بنی آدمؑ! ہر عبادت کے موقع پر اپنی زینت سے آراستہ رہو۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[ اور خوب کھاؤ اور پیو اور حد سے مت نکلو۔ بے شک اللہ حد سےے نکل جانے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(الاعراف،آیت 31)

219.                     تم لوگ اپنے پروردگار سے دعا کیا کرو گڑ گڑا کر کے بھی اور چپکے چپکے بھی۔ واقعی اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو نا پسند کرتا ہے جو حد سے نکل جائیں۔(الاعراف،آیت 55)

220.                      دنیا میں اس کے بعد کہ اس کی درستی کر دی گئی ہے، فساد مت پھیلاؤ اور تم اللہ کی عبادت کرو اس سے ڈرتے ہوئے اور امید وار رہتے ہوئے۔ بے شک اللہ تعالیٰ کی رحمت نیک کام کرنے والوں کے نزدیک ہے۔(الاعراف،آیت 56)

221.                     جادو گر فرعون کے پاس حاضر ہوئے، کہنے لگے کہ اگر ہم غالب آئے تو ہم کو کوئی بڑا صلہ ملے گا؟ فرعون نے کہا کہ ہاں اور تم مقرب لوگوں میں داخل ہو جاؤ گے۔(الاعراف،آیات 113، 114)

222.                      موسیٰ (علیہ السلام ) نے اپنی قوم سے  فرمایا اللہ تعالیٰ کا سہارا حاصل کرو اور صبر کرو،یہ زمین اللہ تعالیٰ کی ہے، اپنے بندوں میں سے جس کو چاہے وہ مالک بنا دے اور اخیر کامیابی ان ہی کی ہوتی ہے جو اللہ سے ڈرتے ہیں۔(الاعراف،آیت 128)

223.                     میری رحمت تمام اشیا پر محیط ہے۔ تو وہ رحمت ان لوگوں کے نام ضرور لکھوں گا جو اللہ سے ڈرتے ہیں اور زکوٰۃ دیتے ہیں اور جو ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں۔(الاعراف،آیت 156)

224.                      جو لوگ کتاب کے پابند ہیں اور نماز کی پابندی کرتے ہیں، ہم ایسے لوگوں کا جو اپنی اصلاح کریں ثواب ضائع نہ کریں گے۔(الاعراف،آیت170)

225.                     جب آپ کے رب نے اولاد ِ آدم کی پشت سے ان کی اولاد کو نکالا اور ان سے ان ہی کے متعلق اقرار لیا کہ کیا میں تمھارا رب نہیں ہوں ؟ سب نے جواب دیا کیوں نہیں ! ہم سب گواہ بنتے ہیں۔ تاکہ تم لوگ قیامت کے روز یوں نہ کہو کہ  ہم تو اس سے محض بے خبر تھے۔ (الاعراف،آیت172)

226.                     اچھے اچھے نام اللہ ہی کے لیے ہیں سو ان ناموں سے اللہ ہی کو موسوم کیا کرو اور ایسے لوگوں سے تعلق بھی نہ رکھو جو اس کے ناموں میں کج روی کرتے ہیں۔ ان لوگوں کو ان کیے کی ضرور سزا ملے گی۔(الاعراف،آیت180)

227.                     یہ لوگ آپ سے قیامت کے متعلق سوال کرتے ہیں کہ اس کا وقوع کب ہوگا؟ آپ فرمادیجیے کہ اس کا علم صرف میرے رب کے پاس ہے۔(الاعراف،آیت187)

228.                     آپ درگزر کو اختیار کریں  ، نیک کام کی تعلیم دیں اور جاہلوں سے ایک کنارہ ہو جائیں۔(الاعراف،آیت 199)

229.                     اگر آپ کو کوئی وسوسہ شیطان کی طرف سے آنے لگے تو اللہ کی پناہ مانگ لیا کیجیے۔(الاعراف،آیت200)

230.                     جب قرآن پڑھا جایا کرے تو اس کی طرف کان لگا دیا کرو اور خاموش رہا کرو ۔ امید ہے کہ تم پر رحمت ہو۔(الاعراف،آیت 204)


جاری ہے۔۔

میری تمام تحریریں اور شاعری پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ 

 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

یہ اشعار علاّمہ اقبال کے نہیں ہیں

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے قاتلوں کا انجام

آپ ﷺ کے عہد ِ مبارکہ میں لکھے گئے احادیث کے نسخے