قرآنی نصیحتیں

 تحریر و ترتیب: نعیم الرّحمان شائق

قسط نمبر 3

("قرآنی نصیحتیں " کی پہلی قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں " کی دوسری قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔)


101.                     اپنے رب کی بخشش کی طرف اور اس جنت کی طرف دوڑو جس کا عرض آسمانوں اور زمین کے برابر ہے، جو پرہیز گاروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔(آل ِ عمران، آیت133)

102.                     جو لوگ آسانی میں اور سختی کے موقع پر بھی اللہ کے راستے میں خرچ کرتے ہیں، غصہ پینے والے اور لوگوں سے در گزر کرنے والے ہیں، اللہ تعالیٰ ان نیک کاروں سے محبت کرتا ہے۔(آل ِ عمران، آیت134)

103.                     جب ان سے کوئی نا شائستہ کام ہوجائے یا کوئی  گناہ  کر بیٹھیں تو فوراً اللہ کا ذکر  اور اپنے گناہوں کے لیے استغفار کرتے ہیں۔ (آل ِ عمران، آیت 135)

104.                     عام لوگوں کے لیے تو یہ (قرآن) بیان ہے اور پرہیز گاروں کے لیے ہدایت و نصیحت ہے۔(آل ِ عمران، آیت 138)

105.                     تم نہ سستی کرو اور نہ غمگین ہو، تم ہی غالب رہو گے، اگر تم ایمان دار ہو۔ (آل ِ عمران، آیت 139)

106.                     (حضرت ) محمد ﷺ صرف رسول ہی ہیں، ان سے پہلے بہت سے رسول ہو چکے ہیں، کیا اگر ان کا انتقال ہو جائے یا یہ شہید ہو جائیں ، تو تم اسلام سے اپنی ایڑیوں کے بل پھر جاؤ گے؟ (آل ِ عمران، آیت144)

107.                     دنیا کی چاہت والوں کو ہم کچھ دنیا دے دیتے ہیں اور آخرت کا ثواب چاہنے والوں کو ہم وہ بھی دیں گے۔اور احسان ماننے والوں کو ہم بہت جلد نیک بدلہ دیں گے۔(آل عمران ، آیت 145)



108.                     اللہ تعالیٰ نیک لوگوں سے محبت کرتا ہے۔۔(آل عمران ، آیت 148)

109.                     اللہ ہی تمھار ا مولا ہے اور  وہی بہترین مددگار ہے۔(آل عمران ، آیت150)

110.                     اللہ تعالیٰ کی رحمت کے باعث آپ ان پر نرم دل ہیں اور اگر آپ سخت دل ہوتے تو یہ سب آپ کے پاس سے چھٹ جاتے، سو آپ ان سے در گزر کریں اور ان کے لیے استغفار کریں اور کام کا مشورہ ان سے کیا کریں۔ پھر جب آپ کا پختہ ارادہ ہو جائے تو اللہ تعالیٰ پر بھروسا کریں۔ بے شک اللہ تعالیٰ توکل کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔ (آل ِ عمران، آیت 159)

111.                    اگر اللہ تعالیٰ تمھاری مدد کرے تو تم پر کوئی غالب نہیں آسکتا اور اگر وہ تمھیں چھوڑ دے تو اس کے بعد کون ہے جو تمھاری مدد کرے؟ ایمان والوں کو اللہ تعالیٰ ہی پر بھروسارکھنا چاہیے۔(آل ِ عمران، آیت 160)

112.                     ناممکن ہے کہ نبی سے خیانت ہوجائے۔(آل ِ عمران، آیت 161)

113.                    بے شک مسلمانوں پر اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ ان ہی میں سے ایک رسول ان میں بھیجا، جو انھیں اس کی  آیتیں پڑھ کر سناتا ہے اور انھیں پاک کرتا ہے اور انھیں کتاب اور حکمت سکھاتا ہے۔(آل ِ عمران، آیت164)

114.                     جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید کیے گئے ہیں ان کو ہر گز مردہ نہ سمجھیں ، بلکہ وہ زندہ ہیں  اپنے رب کے پاس روزیاں دیے جاتے ہیں۔]اپنےرب کے پاس روزی پار ہے ہیں۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[ (آل ِ عمران، آیت169)

115.                    جنھیں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے کچھ دے رکھا ہے وہ اس میں کنجوسی کو اپنے لیے بہتر خیال نہ کریں بلکہ وہ ان کے لیے نہایت بد تر ہے، عنقریب قیامت والے دن یہ اپنی کنجوسی کی چیز کے طوق ڈالے جائیں گے۔]جو کچھ وہ اپنی کنجوسی سے جمع کر رہے ہیں، وہی قیامت کے روز ان کے گلے کا طوق بن جائے گا۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[ (آل ِ عمران، آیت 180)

116.                    آسمانوں اور زمین کی میراث اللہ تعالیٰ ہی کے لیے ہے اور جو کچھ تم کر رہے ہو، اس سے اللہ تعالیٰ آگاہ ہے۔(آل ِ عمران، آیت 180)

117.                    ہر جان موت کا مزہ چکھنے والی ہے۔(آل ِ عمران، آیت 184)

118.                    یقیناً تمھارے مالوں اور جانوں سے تمھاری آزمائش کی جائے گی۔(آل ِ عمران، آیت 186)

119.                    اگر تم صبر کر لو اور پرہیز گاری اختیار کرو تو یقیناً یہ بہت بڑی ہمت کا کام ہے۔(آل ِ عمران، آیت186)

120.                     آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات دن کے ہیر پھیر میں یقیناً عقل مندوں کے لیے نشانیاں ہیں۔(آل ِ عمران، آیت 190)

121.                     جو اللہ تعالیٰ کا ذکر کھڑے اور بیٹھے اور اپنی کروٹوں پر لیٹے ہوئے کرتے ہیں اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں غور و فکر کرتے ہیں اور کہتے ہیں اے  ہمارے پروردگار! تو نے یہ بے فائدہ نہیں بنایا، تو پاک ہے پس ہمیں آگ کے عذاب سے بچا لے۔(آل ِ عمران، آیت 191)

122.                     ]اللہ تعالیٰ[ تم میں سے کسی کام کرنے والے کے کام کو۔۔۔ خواہ وہ مرد ہو یا عورت میں ۔۔ ہر گز ضائع نہیں کرتا۔(آل ِ عمران، آیت195)

123.                     اے ایمان والو! تم ثابت قدم رہو اور ایک دوسرے کو تھامے رکھو اور جہاد کے لیے تیار رہو اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو تاکہ تم مراد کو پہنچو۔(آل ِ عمران، آیت 200)

124.                     اس اللہ سے ڈرو جس کے نام پر ایک دوسرے سے مانگتے ہو اور رشتے ناتے توڑنے سے بھی بچو۔(النساء،آیت 1)

125.                     عورتوں میں سے جو بھی تمھیں اچھی لگیں تم ان سے نکاح کر لو، دو دو، تین تین، چار چار سے، لیکن اگر تمھیں برابری نہ کر سکنے کا خوف ہے تو ایک ہی کافی ہے۔(النساء، آیت 3)

126.                     بے عقل لوگوں کو اپنا مال نہ دے دو جس مال کو اللہ تعالیٰ نے تمھاری گزران کے قائم رکھنے کا ذریعہ بنایا ہے، ہاں انھیں اس مال سے کھلاؤ، پلاؤ، پہناؤ اوڑھاؤ اور انھیں معقولیت سے نرم بات کہو۔ (النساء، آیت5)

127.                     جو لوگ نا حق ظلم سے یتیموں کا مال کھا جاتے ہیں، وہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہے ہیں اور عنقریب وہ دوزخ میں جائیں گے۔(النساء، آیت 10)

128.                     اللہ تعالیٰ صرف انہی لوگوں کی توبہ قبول فرماتا ہے جو بوجہ نادانی کوئی برائی کر گزریں پھر جلد اس سے باز آجائیں اور توبہ کریں ۔(النساء، آیت 17)

129.                     اللہ چاہتا ہے کہ تم سے تخفیف کر دے کیوں کہ انسان کم زور پیدا کیا گیا ہے۔]اللہ تم پر سے پابندیوں کو ہلکا کرنا چاہتا ہے کیوں کہ انسان کمزور پیدا کیا گیا ہے۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[ (النساء، آیت28)

130.                     اگر تم ان بڑے گناہوں سے بچتے رہو گے جن سے تم کو منع کیا جاتا ہے تو ہم تمھارے چھوٹے گناہ دور کر دیں گے اور عزت و بزرگی کی جگہ داخل کریں گے۔(النساء، آیت31)

131.                    اس چیز کی آرزو نہ کرو جس کے باعث اللہ تعالیٰ نے تم میں سے بعض کو بعض پر بزرگی دی ہے۔(النساء، آیت 32)

132.                     نیک فرماں بردار عورتیں خاوند کی عدم موجودگی میں بہ حفاظت ِ الٰہی نگہداشت رکھنے  والیاں ہیں۔(النساء، آیت 34)

133.                    اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ سلوک و احسان کرواور رشتے داروں سے اور یتیموں سے اور مسکینوں سے اور قرابت دار ہم سائے سے اور اجنبی ہم سائے سے اور پہلو کے ساتھی سے اور راہ کے مسافر سےاور ان سے جن کے مالک تمھارے ہاتھ ہیں(غلام کنیز) یقیناً اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں اور شیخی خوروں کو پسند نہیں فرماتا۔ (النساء، آیت 36(

134.                     بے شک اللہ تعالیٰ ایک ذرہ برابر ظلم نہیں کرتا اور اگر نیکی ہو تو دوگنی کر دیتا ہے اور خاص اپنے پاس سے بہت بڑا ثواب دیتا ہے۔(النساء، آیت 40)

135.                    اللہ تعالیٰ کا دوست ہونا کافی ہے اور اللہ تعالیٰ کا مدد گار ہونا بس ہے۔(النساء، آیت 45)

136.                    یقیناً اللہ تعالیٰ اپنے ساتھ شریک کیے جانے کو نہیں بخشتا اور اس کے سوا جسے چاہے بخش دیتا ہے۔(النساء، آیت 48)

137.                    جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ شریک مقرر کرے اس نے بہت بڑا گناہ اور بہتان باندھا۔(النساء، آیت 48)

138.                    اللہ تعالیٰ تمھیں تاکیدی حکم دیتا ہے کہ امانت والوں کی امانتیں انھیں پہنچاؤ!]مسلمانو، اللہ تمھیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں اہل ِ امانت کے سُپرد کرو۔(مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[ اور جب لوگوں کا فیصلہ کرو تو عدل و انصاف سے فیصلہ کرو۔(النساء، آیت 58)

139.                    اگر کسی چیز میں اختلاف کروتو اسے لوٹاؤ، اللہ تعالیٰ اور رسول کی طرف۔(النساء، آیت 59)

140.                     قسم ہے تیرے پروردگار کی! یہ مومن نہیں ہو سکتے جب تک کہ تمام فیصلوں میں آپ ][ کو حاکم نہ مان لیں ، پھر جو فیصلہ آپ ان میں کر دیں ان سے اپنے دل میں کسی طرح کی تنگی اور نا خوشی نہ پائیں اور فرماں برداری کے ساتھ قبول کر لیں۔(النساء، آیت 65)

141.                     جو بھی اللہ تعالیٰ کی اور رسول][ کی فرماں برداری کرے، وہ ان لوگوں کے ساتھ ہوگا جن پر اللہ تعالیٰ نے انعام کیا ہے، جیسے نبی اور صدیق اور شہید اور نیک لوگ، یہ بہترین رفیق ہیں۔(النساء، آیت 69)

142.                     تم جہاں کہیں بھی ہو موت تمھیں آپکڑے گی، گو تم مضبوط قلعوں میں ہو۔(النساء، آیت 78)

143.                     کیا یہ لوگ قرآن میں غور نہیں کرتے؟ اگر یہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کی طرف سے ہوتا تو یقیناً اس میں بہت کچھ اختلاف پاتے۔(النساء، آیت 82)

144.                     اگر اللہ تعالیٰ کا فضل اور اس کی رحمت تم پر نہ ہوتی تو معدودے چند کے علاوہ تم سب شیطان کے پیروکار بن جاتے۔(النساء، آیت 83)

145.                     جب تمھیں سلام کیا جائے تو تم اس سے اچھا جواب دو یا انھی الفاظ میں لوٹا دو۔ بے شبہ اللہ ہر چیز کا حساب لینے والا ہے۔(النساء، آیت 86)

146.                     جو لوگ اپنی جانوں پر ظلم کرنے والے ہیں جب فرشتے ان کی روح قبض کرتے ہیں تو پوچھتے ہیں ، تم کس حال میں تھے؟ یہ جواب دیتے ہیں کہ ہم اپنی جگہ کم زور  اور مغلوب تھے۔ فرشتے کہتے ہیں کیا اللہ تعالیٰ کی زمین کشادہ نہ تھی کہ تم ہجرت کر جاتے؟ (سورۃ النساء ، آیت 97)

147.                     جو کوئی اللہ کی راہ میں وطن چھوڑے گا، وہ زمین میں بہت سی قیام کی جگہیں بھی پائے گا اور کشادگی بھی۔(سورۃ النساء ، آیت 100)

148.                     یقیناً نماز مومنوں پر مقررہ وقتوں پر فرض ہے۔(سورۃ النساء ، آیت 103)

149.                     خیانت کرنے والوں کے حمایتی نہ بنو۔(سورۃ النساء ، آیت 105)

150.                     جو شخص کوئی برائی کرے یا اپنی جان پر ظلم کرے پھر اللہ سے استغفار کرے تو وہ اللہ کو بخشنے والا، مہربانی کرنے والا پائے گا۔(سورۃ النساء ، آیت 110)

151.                    جو گناہ کرتا ہے اس کا بوجھ اسی پر ہے۔(سورۃ النساء ، آیت 111)

152.                     جو ایمان والا ہو مرد ہو یا عورت اور وہ نیک عمل کرے، یقیناً ایسے لوگ جنت میں جائیں گے اور کھجور کی گٹھلی کے شگاف کے برابر بھی ان کا حق نہ مارا جائے گا۔(سورۃ النساء ، آیت 124)

153.                    صلح بہت بہتر چیز ہے، طمع ہر ہر نفس میں شامل کر دی گئی ہے۔ اگر تم اچھا سلوک کرو اور پرہیز گاری کرو تو تم جو کر رہے ہو اس پر اللہ تعالیٰ پوری طرح خبردار ہے۔(سورۃ النساء ، آیت 128)

154.                     تم خواہش ِ نفس کے پیچھے پڑ کر انصاف نہ چھوڑ دینا ۔(سورۃ النساء ، آیت135)

155.                    تم جب کسی مجلس والوں کو اللہ تعالیٰ کی آیتوں کے ساتھ کفر کرتے اور مذاق اڑاتے ہوئے سنوتو اس مجمع میں ان کے ساتھ نہ بیٹھو! جب تک کہ وہ اس کے علاوہ اور باتیں نہ کر نے لگیں ، (ورنہ) تم بھی اس وقت انہی جیسے ہو۔(سورۃ النساء ، آیت 140)

156.                    جب ]منافق[ نماز کو کھڑے ہوتے ہیں تو بڑی کاہلی کی حالت میں کھڑے ہوتے ہیں صرف لوگوں کو دکھاتے ہیں، اور یاد ِ الٰہی تو یوں ہی  سی برائے  نام کرتے ہیں۔

157.                    اللہ تعالیٰ تمھیں سزا دے کر کیا کرے گا؟ اگر تم شکر گزاری کرتے رہو اور با ایمان رہو، اللہ تعالیٰ بہت قدر کرنے والا اور پورا علم رکھنے والا ہے۔(سورۃ النساء ، آیت 147)

158.                    برائی کے ساتھ آواز بلند کرنے کو اللہ تعالیٰ پسند نہیں فرماتا مگر مظلوم کو اجازت ہے۔(النساء، آیت148)

159.                    اگر تم کسی نیکی کو علانیہ کرو یا پوشیدہ، یا کسی برائی سے در گزر کرو، پس یقیناً اللہ تعالیٰ پوری معافی کرنے والا اور پوری قدرت والا ہے۔(النساء، آیت 149)

160.                     اے ایمان والو! عہد و پیماں پورے کرو۔(المائدہ، آیت  1)

 

جاری ہے۔۔

میری تمام تحریریں اور شاعری پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔


تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

یہ اشعار علاّمہ اقبال کے نہیں ہیں

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے قاتلوں کا انجام

آپ ﷺ کے عہد ِ مبارکہ میں لکھے گئے احادیث کے نسخے