رومی کی باتیں

 نعیم الرحمان شائق

رومی تیرھویں صدی میں پیدا ہوا، مگر اب تک زندہ ہے۔ عام لوگوں کے دلوں میں اور خاص لوگوں کے دماغوں میں۔ اس کی باتیں روح کی گہرائیوں تک اتر جاتی ہیں۔ وہ دل سے بولتا ہے اور دل سے لکھتا ہے۔

 

ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت امریکا میں سب سے زیادہ پڑھا جانے والا شاعر رومی ہے۔ یہ رومی کے آفاقی ہونے کی دلیل ہے۔ آج مشرق تو کیا ، مغرب بھی اس سے فیض حاصل کر رہا ہے۔



 مجھے حیرت ہوتی ہے، جب میں رومی کی اتنی زیادہ مقبولیت دیکھتا ہوں۔ اس کی مقبولیت کی بہت سی وجوہات  ہیں۔ ان میں سے ایک وجہ  اس کے حکمت سے لبریز اقوال ہیں، جن میں ادب کی چاشنی بھی ہےاور حقیقت کی غمازی بھی ۔

 

رومی دل سے لکھتا ہے۔اس لیےزیادہ تر دل کی بات کرتا ہے۔  جب لکھتا ہے تو کمال کردیتا ہے۔ اس کی باتیں لافانی ہیں، جس طرح اس کا عشق زمان و مکان کی قیود سے بالا تر ہے۔ وہ محبت کا درس دیتا ہے۔ اس کے ہاں کسی طبقے کے لیے نفرت نہیں ہے۔

 

رومی نہ صرف صوفی تھا، بلکہ وقت کا بہت بڑا عالم بھی تھا۔ جب وہ درس دیتا تو دور دورسےلوگ اس  کو سننے کے لیے آتے تھے۔ لیکن جب وہ شمس تبریز سے ملا تو یک سر تبدیل ہوگیا۔ اس کی زندگی میں ایک عظیم انقلاب برپا ہوگیا۔

 

رومی کی تین کتابیں مشہور ہیں: فیہ مافیہ، دیوان ِ شمس تبریز اور مثنوی۔ جس کتاب نے رومی  کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا، وہ مثنوی ہے۔ اس کتاب میں کل 2666 اشعار ہیں۔اس کتاب کی مقبولیت کی ایک  وجہ یہ ہے کہ رومی  نے مثالوں اور حکایتوں کے ذریعے  نہایت مشکل  علمی باتوں کو آسانی سے سمجھادیا۔ رومی کی بہت سی بیان کردہ حکایات آج بھی زباں زد ِ خواص و عوام ہیں۔


آئیے، رومی کی سدا بہار باتوں سے دانش چنتے ہیں:

·       اگر میراعلم مجھے انسان سے محبت کرنا نہیں سکھاتا تو ایک جاہل مجھ سے ہزار درجے بہتر ہے۔

·       اپنی آواز کی بہ جائے اپنے دلائل بلند کیجیے، پھول بادل کے گرجنے سے نہیں، برسنے سے اگتے ہیں۔

·       مخلوقِ خدا پر رحم کرنے سے دنیا اور آخرت میں سرفرازی حاصل ہوتی ہے۔

·       جب آپ کو پروں کے ساتھ پیدا کیا گیا ہے تو پوری زندگی رینگنے کو ترجیح کیوں دیتے ہیں؟

·       تمھاری روح کے لیے اس سے بڑھ کر کوئی مرض نہیں کہ تم خود کو کامل سمجھنے لگو۔

·       عقل قبر سے آگے نہیں دیکھ سکتی۔ قبر سے آگے عشق کا قدم اٹھتا ہے اور عشق ایک جست میں زمان و مکان والی کائنات سے آگے نکل جاتا ہے۔

·       عقل کو خواہش پر فضیلت حاصل ہے، کیوں کہ عقل زمانے کو تمھارے ہاتھوں میں دے دیتی ہے۔ جب کہ خواہشیں تمھیں زمانے کا غلام بناد یتی ہیں۔

·       انسان اپنے اندر چھپی ہوئی نفسانی خواہش  کی وجہ سے برے لوگوں سے مغلوب ہو جاتا ہے۔

·       اگر تو بے کار پتھر ہے تو کسی صاحبِ علم کے پاس بیٹھ۔ گوہر بن جائے گا۔

·       تھوڑی دیر کے لیے قبرستان جا اور خاموشی سے بیٹھ اور ان بولنے والوں کی خاموشی دیکھ۔

·       صرف پیسہ ہی رزق نہیں، بلکہ عقل، ادب، چہرہ، اولاد، علم بھی رزق ہے۔ اور اس سے بڑی بات کہ بہترین دوست بھی رزق ہے۔

·       تیری داڑھی تیرے بعد پیدا ہوئی، مگر سفید ہوگئی۔ لیکن تو ابھی تک ویسے کا ویسا کالا ہے۔

·       پر سکون وہ ہے، جس کو کم یا زیادہ کی فکر نہیں۔

·       ہر وہ چیز جو ہماری ضرورت سے زیادہ ہے، ہمارے لیے زہر ہے۔ خواہ وہ قوت و اقتدار ہو، انانیت ہو، لالچ ہو، سستی و کاہلی ہو، محبت ہو، نفرت ہو یا کچھ بھی

·       خاموشی سمندر ہے اور گفتگو نہر کی طرح ہے۔ تجھے سمندر تلاش کر رہا ہے۔ تو نہر کی تلاش نہ کر۔

·       میری عمر کا حاصل ان تین باتوں کے سوا کچھ نہیں: خام تھا، پختہ ہوا اور جل گیا۔

·       اس دنیا میں کوئی خزانہ سانپ کے بغیر، کوئی پھول کانٹے کے بغیر اور کوئی خوشی غم کےبغیر نہیں ہے۔

·       زخم وہ جگہ ہے، جہاں سے روشنی آپ کے اندر داخل ہوتی ہے۔

·       اپنے دل کو اس وقت تک توڑتے رہو، جب تک یہ کھل نہ جائے

·       درویشوں کے علاوہ دنیا کے باقی لوگ بچوں کی مانند ہے، جو دنیا کے کھیل میں مگن ہیں۔

·       اگر تمھیں سب راستے بند نظر آئیں تو وہ تمھیں ایسا پوشیدہ راستہ دکھا دے گاجس کے بارے میں کوئی جانتا نہیں ہوگا۔

·       یاد رکھیں، مقدس اورپاک مقام میں داخل ہونے کا راستہ آپ کے اندر ہے۔

·       اگر تم عظمت کی بلندیوں کو چھونا چاہتےہو تو اپنے دل میں انسانیت کےلیے نفرت کی بہ جائے محبت آباد کرو۔

·       جو دیدار ِخداوندی سے بہرہ ورہوگیا، یہ دنیا اس کی نظر میں مردار ہوگئی۔

·       دانائی کا تعلق بالوں کی سفیدی سے نہیں، عقل اور تجربے سےہے۔ دل سیاہ ہو تو داڑھی کے سفید بالوں کی کیا وقعت!

·       بیٹا! کوشش میں لگا رہ۔ مرتے دم تک کوئی وقت ضرور آئے گا کہ عنایت خداوندی ہم راز ہوگی۔

·       ہستی کا آئینہ فنا ہے۔ فنا اختیار کر۔ تاکہ تو ہستی کو دیکھ لے۔

·       اے انسان! ہر راز کسی نہ کسی وقت ظاہر ہو کر رہتا ہے۔ اس لیے بدی کا بیج نہ بو، کیوں کہ وہ ضرور اگے گی۔

·       ایسے دکھو جیسے تم ہو یا ایسے رہوجیسے تم دکھتے ہو۔

·       گفتگو سے سمجھ بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے، لیکن تنہائی وہ مدرسہ ہے، جہاں عظیم ذہن بنتے ہیں۔

·       دشمن ہمیشہ دماغ کے منتخب کرو اور دوست ہمیشہ کردار کے۔

·       دوستی کی کشتی میں پہلا سوراخ شک کا ہو تا ہے۔

·       وفا ایک ایسا دریا ہے، جو کبھی خشک نہیں ہوتا۔

·       جب آپ کوئی کا م روح کی گہرائیوں سے کرتے ہیں تو آپ اپنے جسم و جاں میں لطف و انبساط کا ایک رواں دریا محسوس کرتے ہیں۔

·       جب خدا ہماری مدد کرنا چاہتا ہے تو ہمیں انکساری کی طرف مائل کر دیتا ہے۔

·       صرف رسمی تعلیم کا مقصد روحوں کو تباہ کرنا ہے۔

·       اگر تو غرور کو اپنے سر سے نہیں نکالے گا تو بعد میں آنے والے لوگ تیرے حال سے عبرت حاصل کریں گے۔

·       صبر خوشی کی چابی ہے۔

·       کھانے کے ایک لقمے میں ایک بال یا ریت کا ذر ہ آجائے تو پورا نوالہ پھینک دیا جاتا ہے۔ پھر تمھاری روح کیسے آلودہ غذا برداشت کر سکتی ہے۔

·       لازوال خوب صورتی صرف دل کی خوب صورتی ہے۔

·       ڈر کی سوچ اور کش مکش سے باہرنکلو اور خاموشی میں زندہ رہو۔

·       اپنی ہوش یاری بیچ  ڈالو اور کم فہمی خرید لو۔

·       میں ایک معدنی موت مرا، پھر ایک پودا بن گیا۔ پودا بن کر مرا اور ایک جان ور کی صورت میں اٹھا،پھر جانور کی موت مرا اور انسان کے روپ میں جنم لیا، پھر مجھے کس چیز کا خوف ہے؟ موت نے مجھ میں کون سی کمی واقع کی ہے؟

·       ابد نے اپنی طاقت ور نگاہوں سے ایک لمحے کے لیے مجھے دیکھا اور پھر اپنے وجود میں سمو لیا اور وہ اپنے جوہر میں مجھ پرعیاں ہو گیا۔ میں نے  دیکھا کہ میرا وجود اس میں باقی ہے۔

·       خاموشی اللہ کی زبان ہے اور اس کے علاوہ سب کچھ ایک کم زور ترجمےکی حیثیت رکھتا ہے۔

 

میرا تعارف

میرانام نعیم الرحمان شائق ہے۔ پیشے کے لحاظ سے معلم ہوں۔ لکھنے کا از حد شوق ہے۔ اخبارات اور ویب سائٹوں میں میری تحریریں چھپتی رہتی ہیں۔

 

 Maulana Rumi Quotes in Urdu

Rumi Quotes

Sufi Quotes

مولانا رومی کے اقوال

مولانا جلال الدین رومی کے چند اقوال

مولانا رومی رحمۃ اللہ علیہ کے اقوال زریں

Naeem Ur Rehmaan Shaaiq

اقوال رومی اردو

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

یہ اشعار علاّمہ اقبال کے نہیں ہیں

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے قاتلوں کا انجام

آپ ﷺ کے عہد ِ مبارکہ میں لکھے گئے احادیث کے نسخے