اردو کی بیس عام غلطیاں

            اردو ہماری قومی زبان ہے ۔ اس کی حفاظت اور درست اشاعت ہماری ذمہ داری ہے ۔پاکستان کے حالیہ آئین کی دفعہ 251 اردو کی اہمیت واضح کرتی ہے ۔ جس میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کی قومی زبان اردو ہے اور یوم ِ آغاز سے پندرہ برس کے اندر اندر اس کو سرکاری اور دیگر اغراض کے لیے استعمال کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے ۔ حالیہ آئین 1973ء میں نافذ ہوا تھا ۔ اب 2017ء چل رہا ہے ، مگر اب تک صحیح معنوں میں اردو زبان رائج نہ ہو سکی ۔

          انگریزوں کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ اپنی زبان کی درست اشاعت کرنے کی بہت کوشش کرتے ہیں ۔ ان کے میڈیا گروپ ، ان کی درس گاہیں اور جامعات اس تگ ودو میں مصروف نظر آتی ہیں کہ ان کی زبان پھلے پھولے اور ہر جگہ پروان چڑھے ۔ ہماریے ہاں اس طرح کی کوششیں خال خال نظر آتی ہیں ۔ ایک دن لائبریری میں ایک کتاب پر نظر پڑی ۔ کتاب کا نام تھا :Write Better, Speak Better۔ یہ کتاب Reader’s Digest کے ادارے نے شائع کی تھی ۔ اس کتاب میں انگریزی لکھنے اور بولنے کے اصول بڑی مہارت سے یک جا کیے گئے تھے ۔ کتاب کا سرسری جائزہ لینے کے بعد میں نے سوچا کہ ہمارے ہاں کتنے بڑے بڑے میڈیا گروپ ہیں ۔ ان کے ہاں کام کرنے والے کتنے ماہر صحافی ، شاعر اور مصنفین ہیں ۔ یہ سب اپنی زبان کو پروان چڑھانےاور نئی نسل کے ذہنوں میں اپنی زبان کی اہمیت و افادیت نقش کرنے کے لیے کیوں اس طرح کی کوششیں نہیں کرتے ۔ ہمارے ہاں اردو کے اصول و ضوابط پربہت کم کتابیں لکھی جاتی ہیں ۔ ہمارے میڈیا گروپس اس طرف بالکل توجہ نہیں دیتے ۔ ہماری جامعات آکسفورڈ اور کیمبریج کی طرح اپنی زبان کی حفاظت واشاعت میں کوئی خاص کردار ادا نہیں کرتیں ۔


          یہ ناپختگی اور عدم توجہی کا نتیجہ ہے کہ ہم اردو لکھتےہوئے کئی غلطیاں کرتے ہیں ۔ ابتدائی جماعتوں سے ہی ہمیں اسکولوں میں اتنی توجہ سے اردو نہیں پڑھائی جاتی ، جتنی توجہ سے انگریزی پڑھائی جاتی ہے ۔ اگر شروع سے ہی انگریزی کی طرح اردو پر توجہ دی جائے تو اس طرح کی غلطیاں نہ ہوں ۔ میں ذیل میں ان میں سے چند غلطیاں بمع تصحیح لکھتا ہوں ۔ تاکہ ان سے بچا جا سکے ۔پہلے غلط جملہ لکھوں گا ۔ پھر درست جملہ لکھوں گا ۔  

1۔ میں ناشتہ کر کے آتا ہوں ۔
میں ناشتا کر کے آتا ہوں ۔

2۔ انشاء اللہ ہم پاس ہو جائیں گے ۔
ان شاء اللہ، ہم پاس ہو جائیں گے ۔

3۔ آپ کہاں جارہے ہو؟
آپ کہاں جا رہے ہیں ؟

4۔یہاں پر آؤ۔ مجھے آپ سے کام ہے ۔
یہاں آؤ ، مجھے آپ سے کام ہے ۔

5۔ اس معاملہ میں میری رائے  الگ ہے ۔
اس معاملے میں میری رائے الگ ہے ۔

6۔ تمہیں یاد رہے کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا۔
تمھیں یاد رہے کہ انھوں نے ایسا نہیں کہا ۔

7۔ میرے پاس چھ کتابیں ہیں ۔
میرے پاس چھے کتابیں ہیں ۔

8۔ ان کے لئے یہ کام ضرور کیجئے۔
ان کے لیے یہ کام ضرور کیجیے  ۔

9۔ میں یہ کتاب بآسانی حرف بحرف پڑھ سکتا ہوں ۔
میں یہ کتاب بہ آسانی حرف بہ حرف پڑھ سکتا ہوں ۔

10۔ ان کو علیحدہ علیحدرکھو ۔
ان کو علاحدہ علاحدہ رکھو ۔

11۔ اسلام و علیکم! آپ کیسے ہو؟
السلام علیکم! آپ کیسے ہیں ؟

12۔ مجلس برخواست ہوگئی ۔
مجلس برخاست ہو گئی ۔

13۔ عوام وہ نہیں سوچتی ، جو خواص سوچتے ہیں ۔
عوام وہ نہیں سوچتے ، جو خواص سوچتے ہیں ۔

14۔ اس نے  پانی پینا ہے ۔
اسے پانی پینا ہے ۔

15۔ امریکہ کے پچھلے صدر اوباما تھے ۔
امریکا کے پچھلے صدر اوباما تھے ۔

16۔ الفاظ کی درستگی ضروری ہے ۔
الفاظ کی درستی ضروری ہے ۔

17۔ جون کا مہینہ بڑا سخت ہوتا ہے ۔
جون کا مہینا بڑا سخت ہوتا ہے ۔

18۔ آپ بیمار تھے ۔اب ٹھیک ہیں نا؟
آپ بیمار تھے ۔ اب ٹھیک ہیں ناں؟

19۔ لاپرواہی سے کام مت کیا کریں ۔
لا پروائی سے کام مت کیا کریں ۔

20۔ اس نے آنے کی حامی بھر لی ۔
اس نے آنے کی ہامی بھر لی ۔  

          میں نے یہاں بیس غلطیوں کی نشان دہی کی ہے ۔ بلاگ کا دامن وسیع نہیں کیا جا سکتا ۔ اگر آپ کے ذہن اس طرح کی دیگر غلطیاں ہوں تو رائے کے ذریعے مطلع کیجیے ۔ تاکہ میری معلومات میں اضافہ ہو سکے ۔
تحریر: نعیم الرحمان شائق

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

یہ اشعار علاّمہ اقبال کے نہیں ہیں

بچوں کو پڑھانے کےچار بنیادی طریقے

فیس بک پیج کے لائکس بڑھانے کے چھے آسان طریقے