تحریر: نعیم الرّحمان شائق
قسط نمبر 11 (آخری قسط)
12۔ انصاف کرو
سورۃ الحجرات کی
آیت نمبر 9 میں ربّ العالمین کا ارشاد ہے: "اور اگر مسلمانوں کی دو جماعتیں
آپس میں لڑ پڑیں تو ان میں صلح کر ادیا کرو۔ پھر اگر ان دونوں میں سے ایک جماعت
دوسری جماعت پر زیادتی کرےتو تم (سب) اس گروہ سے، جو زیادتی کرتا ہے، لڑو۔ یہاں تک
وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے۔ اگر لوٹ آئے تو پھر انصاف کے ساتھ صلح کرا دواور
عدل کرو۔ بے شک اللہ تعالیٰ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔ "(49:9)
اس آیت مبارکہ
میں حکم دیا جا رہا ہے کہ اگر مسلمانوں کے دو فریق لڑ پڑیں تو باقی مسلمانوں کو
غیر جانب دار نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ان کے درمیان
صلح صفائی کی خدمات سر انجام دینی چاہئیں۔ انصاف کی خاطرظالم گروہ سے لڑنے تک کی نوبت آجائے تو دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "اپنے بھائی کی مدد کرو ، خواہ وہ ظالم ہو یا
مظلوم۔" ایک صحابی نے عرض کیا: "یا رسول اللہ! جب وہ مظلوم ہو تو میں اس
کی مدد کروں گا، لیکن آپ کا کیا خیال ہے، جب وہ ظالم ہوگا ، پھر میں اس کی مدد
کیسے کروں؟"نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : "اس وقت تم اسے ظلم سے روکنا،
کیوں یہی اس کی مدد ہے۔" (صحیح بخاری، حدیث نمبر 6952)