اردو کی پانچ مفید علمی ویب سائٹیں

 تحریر: نعیم الرحمان شائق

میں اپنی تحریرو ں کے ذریعے وقتاً فوقتاً فروغِ اردو کا بگل بجاتا رہتا ہوں، اس لیے مجھے اردو کے سلسلے میں ہونے والی ہر قسم کی خدمات قابل ِ تحسین محسوس ہوتی ہیں۔ اُردو ہماری قومی زبان ہے۔ اس کی ترویج و اشاعت ہم نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں جتنی توجہ انگریزی اور سائنسی مضامین پر دی جاتی ہے، اردو پر نہیں دی جاتی۔ پھر ہم ہی شکوہ کرتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو غالبؔ  و اقبالؔ سمجھ نہیں آتے۔

 


یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:   کیا جون ایلیا اور ناصر کاظمی  کے اشعار بے وزن ہیں؟

ہمارے ہاں علمی کام کو سراہنے کی روایت تقریباً نہیں ہے۔ یہاں  عالم  اور پڑھے لکھے  لوگوں سے زیادہ فن کار وں اور سیاست دانوں کی قدر کی جاتی ہے۔اس ضمن میں میڈیا کا کردار نہایت بھیانک ہے۔انصاف یہ ہے کہ ہرا ُس کا م اور خدمت کو سراہا جائے، جس سے انسانوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔علم سے انسانیت کو فائدہ پہنچتا ہے تو اس کی قدر کیوں نہیں کی جاتی اور اس کے فروغ میں صرف ہونے والی کوششوں کو کیوں نہیں سرا ہا جاتا؟ علم مخصوص حلقے تک محدود نہیں ہونا چاہیے،عوام میں بھی  حصولِ علم اور فروغ ِ علم کا جذبہ ہونا چاہیے۔ یہ اسی وقت ہو گا ، جب ہمارا میڈیا فن کاروں، سیاست دانوں وغیرہ کے ساتھ ساتھ علم پھیلانے والوں کو بھی انھی کے برابرکووریج دے گا۔

 یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:   میری شاعری

اخلاص بہت بڑی شے ہے۔ اخلاص کا مطلب یہ ہے کہ بغیر کسی دنیوی لالچ کے کوئی کام کیا جائے۔ یاد رہے کہ لالچ صرف مال کا نہیں ہوتا، شہرت کابھی ہوتا ہے۔جو شخص بغیر کسی مال اور شہرت کی لالچ کے کام کرے ، وہ مخلص ہے۔اللہ کے کچھ ایسے بندے اب بھی موجود ہیں ، جو خلوص ِِ نیت سے انسانوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ فائدہ صرف مال سے نہیں پہنچایا جاتا، علم سے بھی پہنچایا جا سکتا ہے۔ دوسروں تک علم منتقل کرنا بہت بڑا کام ہے۔

 یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:   تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش سے طلبہ اور اساتذہ کو ہونے والے نقصانات

انٹرنیٹ  پر سرچنگ کے دوران میری نظر سے پانچ ایسی اردو کی ویب سائٹیں گزری ہیں،جن کوخالص علمی بنیادوں پر استوار کیاگیا ہے ۔ ویسے تو میڈیا کی ایسی بہت سی ویب سائٹیں ہیں، جو اردو زبان میں ہیں، لیکن میں جن ویب سائٹوں کی بات کر رہا ہوں، ان کا بنیادی مقصد علم کی ترویج و اشاعت ہے، خبروں کی نہیں۔اگر آپ ایک علم دوست شخصیت ہیں تو ان ویب سائٹوں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ بہ نظر ِ غائر مشاہدہ کرنے پر محسوس ہوا کہ ان ویب سائٹوں کا مقصد ہرگز پیسہ کمانا نہیں ہے، ان کے بنانے والے خلوص ِ دل سے اردو کی خدمت اور فروغ کے جذبے سے سرشار ہو کر یہ کارہاے نمایاں سر انجام دے رہے ہیں۔ ایسے عظیم لوگوں کی خدمات کا ذکر نہ کرنا نا انصافی ہو گی۔

 یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:   آہ! مولانا وحید الدین خان! موت انھیں بھی اچک کر لے گئی

آئیے، آپ کو ان ویب سائٹوں کے بارے میں بتاتے ہیں:

 

1۔ ریختہ

اردو ویب سائٹوں کا ذکر ہو اور "ریختہ" کا  نہ ہو تو مضمون ادھورا رہ جائے گا۔ یہ اردو کے حوالے سے بہت ہی معلوماتی ویب سائٹ ہے۔ اس میں تقریباً  اردو کی تمام مشہور غزلیں، نظمیں اور کتابیں موجود ہیں۔ اس ویب سائٹ کی ایک خصوصیات یہ ہے کہ غزل یا نظم کے مطالعے کے دوران آپ کسی بھی لفظ پر کلک کریں گے تو وہ  انگریزی اور ہندی میں  لکھا ہوا مل جائے گا۔اس طرح اردو  رسم الخط نہ سمجھنے والا طبقہ بھی اس ویب سائٹ پرپڑے ہوئے مواد سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔اس کے علاوہ ہر مشہور غزل اور نظم کا آڈیو کلپ بھی سنا جا سکتا  ہے۔ اگر اس نظم یا غزل کو کسی گلو گار نے گایا بھی ہے تو یہ بھی آپ کو یہاں مل جائے گا۔ "ریختہ" در اصل ہندوستانی ویب سائٹ ہے۔  اردو کے حوالے سے اس تاریخی خدمت کی جتنی تعریف کی جائے ، کم ہے۔

"ریختہ" اگر چہ بہترین ویب سائٹ ہے، تاہم  یہ اور بہتر ہو سکتی ہے، اگر درج ذیل نکات پر کام کیا جائے:

·        شاعری بمع تشریح ہونی چاہیے، کیوں کہ اردو شاعری کو سمجھنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس طرح طلبہ بھی اس ویب سائٹ سے مستفید ہوں گے اور یہ مزید علمی ہو جائے گی۔

·        "ریختہ "کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، "ریختہ فاؤنڈیشن ایک غیر منفعتی ادارہ ہے، جس کا قیام اردو کے تحفظ اور فروغ کے لیے عمل میں آیا۔""ریختہ" واقعی اس پالیسی پر عمل پیرا ہے، لیکن اس کی نئی پالیسی کے مطابق اب مہینے میں صرف پانچ غزلیں یا نظمیں یہاں سےپڑھی جا سکتی ہیں۔ اس کے بعد آپ کو اس ویب سائٹ پر رجسٹرہو نا پڑے گا۔ "ریختہ" کی انتظامیہ کو یہ پالیسی ختم کردینی چاہیے۔ اس طرح  اتنے کام کی یہ  ویب سائٹ"صلائے عام " نہیں ، بلکہ "صلائے خاص " بن کر رہ جائے گی۔ اگر "ریختہ  فاؤنڈیشن" ایک غیر منفعتی ادارہ ہے، تو یہ ممبرز کی ٹیم کیوں تشکیل دے رہا ہے۔ میرے خیال میں یہ شرط ختم کر دینی چاہیے ،کیوں کہ عموماً لوگ کسی بھی ویب سائٹ پر رجسٹر ہونے سے کتراتے ہیں۔

·        "ریختہ" پر ہم صرف آن لائن کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔ برقی کتاب یعنی ای بک کا سب سے اچھا ورژن پی ڈی ایف ہے۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ہر ڈیجیٹل کتاب کا پی ڈی ایف ورژن بھی جاری کیا جائے۔  اس سے لوگ کتابوں کی طرف زیادہ مائل ہوں گے۔

·        ویب سائٹ کے ساتھ ایپ بھی متعارف کرائی جائے۔ جب سے اسمارٹ موبائل آئے ہیں، لوگوں کا رجحان ویب سائٹوں کی طرف زیادہ نہیں رہا ہے۔ اب لوگ ایپس ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں۔ اس لیے اگر"ریختہ" کی ایپ متعارف کرائی جائے تو بہت اچھا رہے گا۔

نیچے دی گئی لنک کے ذریعے "ریختہ" کی آفیشل ویب سائٹ کا وزٹ کریں:

https://rekhta.org/

 یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:   حضرت واصف علی واصف کے سو اقوال

2۔ اردو لغت (تاریخی اُصولوں پر)

اس ویب سائٹ کا اجرا ء  وفاقی وزارات ِ تعلیم کے ماتحت ادارے"اردو لغت بورڈ"نے کیا۔ واضح رہے کہ اُردو لغت بورڈ وزارت ِ تعلیم کی ایک قرار داد کے مطابق 1958ء میں باباے اردو مولوی عبد الحق کی کوششوں سے  قائم ہوا۔ یہ ادارہ فروغ ِ اردو کے لیے اعلیٰ خدمات سر انجام دے رہا ہے۔اس ادارے نے 2010ء میں 52 سال کی محنت اور کد و کاوش کے بعد "اردو لغت (تاریخی اصولوں پر)" کے نام  سے اردو لغت کا اجراء کیا۔ یہ عظیم لغت 22 جلدوں پر مشتمل ہے اور اس میں دو لاکھ 64 ہزار الفاظ شامل ہیں۔ اس  ادارے کی جاری کردہ ویب سائٹ کی مدد سے  نہ صرف آپ ہر لفظ کے معانی دیکھ سکتے ہیں، بلکہ اس کا تلفظ بھی سن سکتے ہیں۔ یہ مستند ویب سائٹ ہے۔ تعلیمی مقاصد کے لیے اسے زیر ِ استعمال لایا جائے تو بہت فائدہ ہو گا۔ "اردو لغت (تاریخی اصولوں پر)" کی ایپ بھی دست یا ب ہے۔ یہ عظیم ویب سائٹ بھی غیر منفعتی ہے۔ اس کے منتظمین کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔

نیچے دی گئی لنک کے ذریعے "اردو لغت (تاریخی اصولوں پر)" کی آفیشل ویب سائٹ کا وزٹ کریں:

http://udb.gov.pk/

 یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:   بابائے بلوچی مولانا خیر محمد ندوی رحمۃ اللہ علیہ

3۔ اردو لغت:

یہ بہت اچھی ویب سائٹ ہے ، لیکن بد قسمتی سے اس کو اتنی  پذیرائی نہ مل سکی، جتنی ملنی چاہیے   تھی۔ اس ویب سائٹ کی خصوصیت یہ ہے کہ آپ جو بھی لفظ اس ویب سائٹ میں موجود تلاش کے خانے میں لکھیں گے، یہ اس کی پوری تفصیل فراہم کر دے گی۔ یہاں تک یہ بھی بتا دے گی کہ اردو کی کن مشہور کتابوں میں یہ لفظ استعمال ہوا ہے۔بسا اوقات ہمیں لفظ کا مطلب تو معلوم ہو جاتا ہے، لیکن یہ پتا نہیں چلتا کہ اس لفظ کو جملوں میں کیسے ڈھالا جائے؟ اس ویب سائٹ نے یہ کام آسان کر دیا۔تعلیمی مقاصد کے لیے اس ویب سائٹ کو کام میں لایا جا سکتا ہے۔ "ریختہ " کے بر خلاف اس ویب سائٹ کی ایپ بھی دستیاب ہے۔ "ریختہ" کی طرح یہ بھی  غیر منفعتی ویب سائٹ ہے، کیوں کہ میں نے اس کی ویب سائٹ پر کوئی اشتہار نہیں دیکھا۔ اس ویب سائٹ کو بنانے والوں کے اخلاص کا  یہ عالم ہے کہ انھوں نے اپنی  آفیشل ویب سائٹ پر اپنا تعارف تک  پیش نہیں کیا۔ واقعی یہ اردو کے حوالے سے ایک قابل ِ قدر خدمت ہے۔

نیچے دی گئی لنک کے ذریعے "اردو لغت" کی آفیشل ویب سائٹ کا وزٹ کریں:

http://urdulughat.info/

 یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:بانو قدسیہ کے اقوال

4۔ کتاب و سنت:

اس  ویب سائٹ کا ذکر نہ کرنا نا انصافی ہو گی۔ یہ اردو زبان میں اسلامی کتب کی سب سے بڑی ویب سائٹ ہے۔ آپ اس ویب سائٹ سے تقریباً ہر مشہور اسلامی کتاب، جو اردو زبان میں ہو، بہ آسانی پی ڈی ایف  میں ڈاؤن لوڈ کر کے پڑھ سکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کے مطابق 2008ء سے روزانہ کی  بنیاد پر اس پر ایک نئی کتاب اپ لوڈ کی جاتی ہے۔ اب تک تقریباً دس ہزار کتب  اپ لوڈ کی جا چکی ہیں۔ اس سائٹ کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے زائرین کی فرمائش کے مطابق مطلوبہ کتب بھی اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔سائٹ پر موجود کتب کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اور ویزیٹر کو یہ سہولت حاصل ہے کہ وہ ایک موضوع پر موجود تمام کتب اس کی متعلقہ کیٹیگری میں دیکھ سکتا ہے۔ کسی بھی کتاب کو ویب سائٹ پر تلاش کرنے کے لیے چار طرح کی سہولت موجود ہے۔ متعلقہ کتاب کو اس کے نام، مصنف، ناشر یا نمبر کے ذریعے سے تلاش کیا جا سکتا ہے۔

نیچے دی گئی لنک کے ذریعے "کتاب وسنت" کی آفیشل ویب سائٹ کا وزٹ کریں:

https://kitabosunnat.com/

 یہ بھی زیر ِ مطالعہ لائیے:   جب فرقہ واریت یہاں تک پہنچ جائے

5۔ عروض

اگر آپ شعر و شاعری سے شغف رکھتے ہیں اور شعر و شاعری بنانا  چاہتے ہیں تو یہ ویب سائٹ آپ کے بہت کام آئے گی۔ جس نے بھی اس ویب سائٹ کو بنایا ہے، کمال کیا ہے۔ "اشعار کی تقطیع" کے خانے میں آپ کوئی بھی شعر لکھ دیں، یہ بتا دے گی کہ اس شعر کی بحر کیا ہے اور اس کا وزن کیا ہے۔ اگر آپ  علم عروض سے واقف نہیں ہیں، مگر کوئی شعر لکھ دیا اور جاننا چاہتے ہیں کہ آیا یہ وزن میں ہے یا نہیں،یا اس کا وزن کیا ہے، تاکہ پوری غزل یا نظم کہی جا سکے تو اس کی سہولت بھی اس ویب سائٹ پر موجود ہے۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر آپ ایک با ذوق انسان ہیں  ، شعر و شاعری کا شوق رکھتے ہیں، مگر اس کے فن سے نا آشنا ہیں تو یہ ویب سائٹ آپ کو شاعر بنا سکتی ہے، مگر شرط یہ ہے کہ اس پر پھیلے علم ِ شاعری کا کُلّی احاطہ کیا جائے ۔

نیچے دی گئی لنک کے ذریعے "عروض" کی آفیشل ویب سائٹ کا وزٹ کریں: 

/https://aruuz.com

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

یہ اشعار علاّمہ اقبال کے نہیں ہیں

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے قاتلوں کا انجام

آپ ﷺ کے عہد ِ مبارکہ میں لکھے گئے احادیث کے نسخے