قرآنی نصیحتیں

 تحریر و ترتیب: نعیم الرّحمان شائق

قسط نمبر 9

521.                     اے داؤد! ہم نے تمھیں زمین میں خلیفہ بنا دیا۔ تم لوگوں کے درمیان حق کا فیصلہ کرواور اپنی نفسانی خواہش کی پیروی نہ کرو۔ ورنہ وہ تمھیں اللہ کی راہ سے بھٹکا دے گی۔(ص، آیت26)

522.                     ہم نے آسمان و زمین اور ان کے درمیان کی چیزوں کو نا حق پیدا نہیں کیا۔(ص، آیت27)

523.                     یہ بابرکت کتاب ہےجسے ہم نے آپ کی طرف اس لیے نازل فرمایا ہے کہ لوگ اس کی آیتوں پر غور و فکر کریں اور عقل مند اس سے نصیحت حاصل کریں۔(ص، آیت29)

524.                     خبر دار!اللہ تعالیٰ ہی کے لیے خالص عبادت کرنا ہے۔(الزمر، آیت3)

525.                     جن لوگوں نے اس کے سوا]یعنی اللہ کے سوا[ اولیا بنا رکھےہیں (اور کہتے ہیں) کہ ہم ان  کی عبادت صرف اس لیے کرتے ہیں کہ یہ (بزرگ )اللہ کی نزدیکی کے مرتبے تک ہماری رسائی کرادیں، یہ لوگ جس بارے میں اختلاف کر رہے ہیں اس کا (سچا) فیصلہ اللہ (خود) کرے گا۔(الزمر، آیت3)



526.                     جھوٹے اور نا شکرے (لوگوں) کو اللہ تعالیٰ راہ نہیں دکھاتا۔(الزمر، آیت3)

527.                     اگر تم ناشکری کرو تو(یاد رکھو کہ) اللہ تعالیٰ تم(سب سے) بے نیاز ہے۔(الزمر، آیت7)

528.                     وہ اپنے بندوں کی ناشکری سے خوش نہیں۔(الزمر، آیت7)

529.                     اگر تم شکر کرو تو وہ اسے تمھارے لیے پسند کرے گا۔(الزمر، آیت7)

530.                     کوئی کسی کا بوجھ نہیں اٹھاتا۔(الزمر، آیت7)

531.                    تم سب کو لوٹنا تمھارے رب ہی کی طرف ہے۔(الزمر، آیت7)

532.                     انسان کو جب کبھی کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو وہ خوب رجوع ہوکر اپنے رب کو پکارتا ہے۔(الزمر، آیت8)

533.                    پھرجب اللہ تعالیٰ اسے اپنے پاس سے نعمت عطا فرما دیتا ہےتو وہ اس سے پہلے جو دعا کرتا تھا اسے (بالکل) بھول جاتا ہے۔(الزمر، آیت8)

534.                     بتاؤ تو علم والے اور بے علم کیا برابر کے ہیں؟(الزمر، آیت9)

535.                    یقیناً نصیحت وہی حاصل کرتے ہیں جو عقل مند ہوں۔(الزمر، آیت9)

536.                    کہہ دو کہ اے میرے ایمان والے بندو!اپنے رب سے ڈرتے رہو، جو اس دنیا میں نیکی کرتے ہیں ان کے لیے نیک بدلہ ہے۔(الزمر، آیت10)

537.                    آپ کہہ دیجیے ! کہ مجھے حکم دیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اس طرح عبادت کروں کہ اسی کے لیے عبادت کو خالص کر لوں۔(الزمر، آیت11)

538.                    حقیقی زیاں کار]نقصان اٹھانے والے[ وہ ہیں جو اپنے آپ کو اور اپنے اہل کو قیامت کے دن نقصان میں ڈال دیں گے۔(الزمر، آیت15)

539.                    جن لوگوں نے طاغوت کی عبادت سے پرہیز کیا اور( ہمہ تن )اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ رہے وہ خوش خبری کے مستحق ہیں۔(الزمر، آیت18)

540.                     (میری جانب سے ) کہہ دو کہ اے میرے بندو! جنھوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے تم اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہوجاؤ، بالیقین اللہ تعالیٰ سارے گناہوں کو بخش دیتا ہے۔(الزمر، آیت53)

541.                     اللہ تعالیٰ کی آیتوں میں وہی لوگ جھگڑتے ہیں جو کافر ہیں۔(المؤمن، آیت4)

542.                     نصیحت تو صرف وہی حاصل کرتے ہیں جو (اللہ کی طرف) رجوع کرتے ہیں۔(المؤمن، آیت13)

543.                     تم اللہ کو پکارتے رہو اس کے لیے دین کو خالص کر کے ،گو کافر برا مانیں۔(المؤمن، آیت14)

544.                     وہ آنکھوں کی خیانت کو اور سینوں کی پوشیدہ باتوں کو (خوب) جانتا ہے۔(المؤمن، آیت19)

545.                     کیا یہ لوگ زمین میں چلے پھرے نہیں کہ دیکھتے کہ جو لوگ ان سے پہلے کے تھے ان کا نتیجہ کیسا کچھ ہوا؟وہ بہ اعتبارقوت و طاقت کے اور بہ اعتبار زمین میں اپنی یادگاروں کے ان سے بہت زیادہ تھے، پس اللہ نے انھیں ان کے گناہوں پر پکڑ لیا اور کوئی نہ ہوا جو انھیں اللہ کے عذاب سے بچا لیتا۔(المؤمن، آیت21)

546.                     جو لوگ با وجود اپنے پاس کسی سند کے نہ ہونے کے آیات ِ الٰہی میں جھگڑا کرتے ہیں ان کے دلوں میں بہ جزنری بڑائی کے اور کچھ نہیں ۔ وہ اس تک پہنچنے والے ہی نہیں۔(المؤمن،آیت56)

547.                     تمھارے رب کا فرمان (سرزد ہو چکا) ہے کہ مجھ سے دعا کرو میں تمھاری دعاؤں کو قبول کروں گا۔(المؤمن،آیت60)

548.                     آپ کہہ دیجیے! کہ میں تو تم ہی جیسا انسان ہوں۔ مجھ پر وحی نازل کی جاتی ہےکہ تم سب کا معبود ایک اللہ ہی ہے۔سو تم اس کی طرف متوجہ ہو جاؤاور اس سے گناہوں کی معافی چاہو۔(حٰم السجدہ،آیت6)

549.                     بے شک جو لوگ ایمان لائیں اور بھلے کام کریں ان کے لیے نہ ختم ہونے والا اجر ہے۔(حٰم السجدہ،آیت8)

550.                     اس سے زیادہ اچھی بات والا کون ہے جو اللہ کی طرف بلائے اور نیک کام کرےاور کہے کہ میں یقیناً مسلمانوں میں سے ہوں۔(حٰم السجدہ،آیت33)

551.                    نیکی اور بدی برابر نہیں ہوتی۔برائی کو بھلائی سے دفع کرو۔ پھر وہی جس کے اور تمھارے درمیان دشمنی ہےایسا ہو جائے گا جیسے ولی دوست۔]اور اے نبیﷺ، نیکی اور بدی یک ساں نہیں ہیں۔ تم بدی کواُس نیکی سے دفع کرو جو بہترین ہو۔ تم دیکھو گے کہ تمھارے ساتھ جس کی عداوت پڑی ہوئی تھی وہ جگری دوست بن گیا ہے۔(مولانا ابوا لاعلیٰ مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[(حٰم السجدہ،آیت34)

552.                     اگرشیطان کی طرف سے کوئی وسوسہ آئے تو اللہ کی پناہ طلب کرو۔ یقیناً وہ بہت ہی سننے والا جاننے والا ہے۔(حٰم السجدہ،آیت36)

553.                    جو شخص نیک کام کرے گا وہ اپنے نفع کے لیے اور جو برا کام کرے گا اس کا وبال بھی اسی پر ہے اور آپ کا رب بندوں پر ظلم کرنے والا نہیں۔(حٰم السجدہ،آیت46)

554.                     بھلائی کے مانگنے سے انسان تھکتا نہیں اور اگر اسے کوئی تکلیف پہنچ جائے تو مایوس اورناامید ہو جاتا ہے۔(حٰم السجدہ،آیت49)

555.                    جو مصیبت اسے پہنچ چکی ہے اس کے بعد اگر ہم اسے کسی رحمت کا مزہ چکھائیں تو وہ کہہ اٹھتا ہے کہ اس کا تو میں حق دار ہی تھا۔ (حٰم السجدہ،آیت50)

556.                    جب ہم انسان پر اپنا انعام کرتے ہیں تو وہ منھ پھیر لیتا ہے اور کنارہ کش ہو جاتا ہے اور جب اسے مصیبت پڑتی ہےتو بڑی لمبی چوڑی دعائیں کرنے والا بن جاتا ہے۔(حٰم السجدہ،آیت51)

557.                    جس کا ارادہ آخرت کی کھیتی کا ہو ہم اسے اس کی کھیتی میں ترقی دیں گے اور جو دنیا کی کھیتی کی طلب رکھتا ہو ہم اسے اس میں سے ہی کچھ دیں گے۔ایسے شخص کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔(الشوریٰ، آیت20)

558.                    جو شخص کوئی نیکی کرے، ہم اس کے لیے اس کی نیکی میں اور نیکی بڑھا دیں گے۔(الشوریٰ، آیت23)

559.                    تمھیں جو کچھ مصیبتیں پہنچتی ہیں وہ تمھارے اپنے ہاتھوں کے کرتوت کا بدلہ ہے، اور وہ تو بہت سی باتوں سے در گزر فرما دیتا ہے۔(الشوریٰ، آیت30)

560.                     ]ایمان والے[کبیرہ گناہوں سے اور بے حیائیوں سے بچتے ہیں اور غصے کے وقت (بھی) معاف کردیتے ہیں۔(الشوریٰ، آیت37)

561.                    ]ایمان والے [ اپنے رب کے فرمان کو قبول کرتے ہیں اور نماز کی پابندی  کرتے ہیں اور ان کا (ہر) کا م آپس کے مشورے سے ہوتا ہے، اور جو ہم نے انھیں دے رکھا ہے اس میں سے(ہمارے نام پر) دیتے ہیں۔(الشوریٰ، آیت38)

562.                     برائی کا بدلہ اس جیسی برائی ہے، اور جو معاف کردے اور اصلاح کر لےاس کا اجر اللہ کے ذمے ہے۔(الشوریٰ، آیت40)

563.                    اپنے رب کا حکم مان لو اس سے پہلے کہ اللہ کی جانب سے وہ دن آجائے جس کا ہٹ جانا نا ممکن ہے، تمھیں اس روز نہ تو کوئی پناہ کی جگہ ملے گی، نہ چھپ کر ان جان بن جانے کی۔(الشوریٰ، آیت47)

564.                     جو شخص رحمٰن کی یاد سے غفلت کرے ہم اس پر ایک شیطان مقرر کردیتے ہیں ۔ وہی اس کا ساتھ رہتا ہے۔(الزخرف، آیت 36)

565.                    ہم نے زمین اور آسمانوں اور ان کے درمیان کی چیزوں کو کھیل کے طور پر پیدا نہیں کیا۔(الدخان، آیت38)

566.                    جو نیکی کرے گا وہ اپنے ذاتی بھلےکےلیے اور جو برائی کرے گا اس کا وبال اسی پر ہے،پھر تم سب اپنے پروردگار کی طرف لوٹائے جاؤگے۔(الجاثیہ، آیت 15)

567.                    یہ (قرآن ) لوگوں کے لیے بصیرت کی باتیں اور ہدایت و رحمت ہے اس قوم کے لیے جو یقین رکھتی ہے۔(الجاثیہ، آیت20)

568.                    اس سے بڑھ کر گم راہ اور کون ہوگا؟ جو اللہ کے سوا ایسوں کو پکارتا ہےجو قیامت تک اس کی دعا قبول نہ کر سکیں، بلکہ ان کی پکار سے محض بے خبر ہوں۔(الاحقاف، آیت5)

569.                    بے شک جن لوگوں نے کہا کہ ہمارا رب اللہ ہے پھر اس پر جمے رہے تو ان پر نہ تو کوئی خوف ہوگا اور نہ غمگین ہوں گے۔(الاحقاف، آیت13)

570.                     جن لوگوں نے کفر کیا اور اللہ کی راہ سے روکا اللہ نے ان کے اعمال برباد کر دیے۔(محمد،آیت 1)

571.                     جو لوگ ایمان لائے اور اچھے کام کیے اور اس پر بھی ایمان لائے جو محمد (ﷺ) پر اتاری گئی ہےاور در اصل ان کے رب کی طرف سے سچا (دین) بھی وہی ہے، اللہ نے  ان کے گناہ دور کر دیےاو ر ان کے حال کی اصلاح کر دی۔(محمد، آیت2)

572.                     جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید کر دیے جاتے ہیں  اللہ ان کے اعمال ہر گز ضائع نہ کر ے گا۔(محمد، آیت4)

573.                    اے ایمان والو! اگر تم اللہ (کے دین) کی مدد کروگے تو وہ تمھاری مدد کرے گا اور تمھیں ثابت قدم رکھے گا۔(محمد، آیت7)

574.                     کیا یہ قرآن میں غور و فکر نہیں کرتے؟ یا ان کے دلوں پر ان کے تالے لگ گئے ہیں۔(محمد، آیت24)

575.                    اے ایمان والو! اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کا کہا مانو اور اپنے اعمال کو غارت نہ کرو۔(محمد، آیت33)

576.                    واقعی زندگانی ِ دنیا تو صرف کھیل کود ہےاور اگر تم ایمان لے آؤ گے اور تقویٰ اختیار کرو گے تو اللہ تمھیں اجر دے گااور وہ تم سے تمھار ا مال نہیں مانگتا۔(محمد، آیت36)

577.                    محمد (ﷺ) اللہ کے رسول ہیں اور جو لوگ ان کے ساتھ ہیں کافروں پر سخت ہیں اور آپس میں رحم دل ہیں۔(الفتح، آیت29)

578.                    تو انھیں دیکھے گا کہ رکوع اور سجدے کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور رضا کی جستجو میں ہیں ۔

579.                    ان کا نشان ان کے چہروں پر سجدوں کے اثر سے ہے۔]سجود کے اثرات ان کے چہروں پر موجود ہیں۔(مولانا ابوالاعلیٰ مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[ (الفتح، آیت29)

580.                     ان کی یہی مثال تورات میں ہے اور ان کی مثال انجیل میں ہے، مثل اس کھیتی کے جس نے اپنا انکھوا نکالا،پھر اسے مضبوط کیا اور وہ موٹا ہو گیا، پھر اپنے تنے پر سیدھا کھڑا ہو گیا اور کسانوں کا خوش کرنے لگا ، تاکہ ان کی وجہ سے کافروں کو چڑائے، ان ایمان والوں اورنیک اعمال والوں سے اللہ نے بخشش کا اور بہت بڑے ثواب کا وعدہ کیا ہے۔]یہ ہے ان کی صفت توراۃ میں۔اور انجیل میں ان کی مثال یوں دی گئی ہے کہ گویا ایک کھیتی ہے جس نے پہلے کونپل نکالی ، پھر اس کو تقویت دی، پھر وہ گدرائی ، پھر اپنے تنے پر کھڑی ہو گئی ۔ کاشت کرنے والوں کو وہ خوش کرتی ہے تاکہ کفار ان کے پھلنے پھولنے پر جلیں۔ اِس گرو ہ کے لوگ جو ایمان لائے ہیں اور جنھوں نے نیک عمل کیے ہیں، اللہ نے ان سے مغفرت اور بڑے اجر کا وعدہ فرمایا ہے۔(مولانا ابوا الاعلیٰ مودودی رحمۃ اللہ علیہ)[ (الفتح، آیت29)

581.                    اے ایمان والے لوگو! اللہ اور اس کے رسول سے آگے نہ بڑھو اور اللہ سے ڈرتے رہا کرو۔ (الحجرات، آیت1)

582.                     اے مسلمانو! اگر تمھیں کوئی فاسق خبر دے تو تم اس کی اچھی طرح تحقیق کر لیا کرو ۔ ایسانہ ہو کہ نادانی میں کسی قوم کو ایذا پہنچا دو۔ پھر اپنے کیے پر پشیمانی اٹھاؤ۔(الحجرات، آیت6)

583.                    اگر مسلمانوں کی دو جماعتیں آپس میں لڑ پڑیں تو ان میں میل ملاپ کرا دیا کرو۔(الحجرات، آیت9)

584.                     سارے مسلمان بھائی بھائی ہیں۔ پس اپنے دو بھائیوں میں ملاپ کر ادیا کرو، اور اللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔(الحجرات، آیت10)

585.                    اے ایمان والو! مرد دوسرے مردوں کا مذاق نہ اڑائیں۔ ممکن ہے کہ یہ ان سے بہتر ہوں اور نہ عورتیں عورتوں کا مذاق اڑائیں ۔ ممکن ہے کہ یہ ان  سے بہتر ہوں۔(الحجرات، آیت11)

586.                    آپس میں ایک دوسر کو عیب نہ لگاؤ۔(الحجرات، آیت11)

587.                    نہ کسی کو برے لقب دو۔(الحجرات، آیت11)

588.                    اے ایمان والو! بہت سی بد گمانیوں سے بچو۔ یقین مانو کہ بعض بد گمانیاں گناہ ہیں۔(الحجرات، آیت12)

589.                    بھید نہ ٹٹولا کرو۔(الحجرات، آیت12)

590.                     نہ تم میں سے کوئی کسی کی غیبت کرے۔ کیا تم میں سے کوئی بھی اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھانا پسند کرتا ہے؟تم کو اس سے گھن آئے گی۔(الحجرات، آیت12)

591.                    اللہ کے نزدیک تم سب میں سے باعزت وہ ہے جو سب سے زیادہ ڈرنے والا ہے۔(الحجرات، آیت13)

592.                     ہم نے انسان کو پیدا کیا ہے اور اس کے دل میں جو خیالات اٹھتے ہیں ان سے ہم واقف ہیں اور ہم اس کی رگ جان سے بھی زیادہ قریب ہیں۔(ق، آیت16)

593.                    یہ جو کچھ کہتے ہیں آپ اس پر صبر کریں اور اپنے رب کی تسبیح تعریف کے ساتھ بیان کریں۔ سورج نکلنے سے پہلے بھی اورسورج غروب ہونے سے پہلے بھی۔(ق، آیت39)

594.                     رات کے کسی وقت بھی تسبیح کریں اور نماز کے بعد بھی۔(ق، آیت40)

595.                    بے شک تقویٰ والے لوگ بہشتوں اور چشموں میں ہوں گے۔(الذٰریٰت، آیت 15)

596.                    ان کے رب نے جو کچھ انھیں عطا فرمایا ہے ، اسے لے رہے ہوں گے ۔و ہ تو اس سےپہلےنیکو کار تھے۔(الذٰریٰت، آیت16)

597.                    وہ رات کو بہت کم سویا کرتے تھے۔(الذٰریٰت، آیت17)

598.                    اور وقت ِ سحر استغفار کیا کرتے تھے۔(الذٰریٰت، آیت18)

599.                    ان کے مال میں مانگنے والوں کا اور سوال سے بچنے والوں کا حق تھا۔(الذٰریٰت، آیت19)

600.                     نصیحت کرتے رہیں۔ یقیناً یہ نصیحت ایمان والوں کو نفع دے گی۔(الذٰریٰت، آیت55)

 

جاری ہے۔۔


("قرآنی نصیحتیں " کی پہلی قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں " کی دوسری قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں" کی تیسری قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں" کی چوتھی قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں" کی پانچویں قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں" کی چھٹی قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں" کی ساتویں قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

"قرآنی نصیحتیں" کی آٹھویں قسط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔)


میری تمام تحریریں اور شاعری پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

یہ اشعار علاّمہ اقبال کے نہیں ہیں

حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے قاتلوں کا انجام

آپ ﷺ کے عہد ِ مبارکہ میں لکھے گئے احادیث کے نسخے